جوبائیڈن نے افغانستان سے فوجی انخلا کو بڑی کامیابی قرار دے دیا

جوبائیڈن نے افغانستان سے فوجی انخلا کو بڑی کامیابی قرار دے دیا
واشنگٹن: امریکی صدر جوبائیڈن نے افغانستان سے فوجی انخلا کو بڑی کامیابی قرار دے دیا ، انہوں نے کہا کہ امریکا کی طویل ترین افغان جنگ کا خاتمہ ہوگیا، انخلا میں کامیابی ہماری فوج کی بے لوث جرات کی وجہ سے ممکن ہوئی۔

افغانستان سے فوجی انخلا کے بعد امریکی صدر جوبائیڈن نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کابل سے فوجیوں، شہریوں کے خطرناک انخلا کا چیلنج پورا کیا، 30 ہزار افغان فوجیوں کو 20 سال میں تربیت دی، افغان جنگ کے خاتمے کا فیصلہ میں نے کیا، 31 اگست سے قبل انخلا کا آپریشن طالبان کی من مانی ڈیڈ لائن کی وجہ سے نہیں بلکہ امریکیوں کی زندگیوں کو بچانے کے لیے طے شدہ منصوبہ بندی سے کیا۔

امریکی صدر نے کہا کہ 17 دن پہلے جب انخلا کا فیصلہ کیا تو حالات کا باریکی سے جائزہ لیا، داعش کے حملے میں ہلاک 13 امریکی فوجیوں کا کوئی نعم البدل نہیں، امریکی افواج کی افغانستان میں قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

جوبائیڈن نے کہا کہ امریکی فوج نے خطرناک مشن احسن طریقے سے پورا کیا، سلامتی کونسل نے بھی طالبان کو وعدے پورے کرنے کی تاکید کی، طالبان نے خود انخلا کے لیے محفوظ راستہ دینے کا وعدہ کیا تھا، افغانستان سے جو بھی جانا چاہے اسے اجازت ہو طالبان وعدہ پورا کریں، طالبان کے بیانات پر یقین نہیں ان کے عمل کو دیکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ امریکی شہری 100 سے 200 اب بھی افغانستان سے انخلا چاہتے ہیں، جو امریکی شہری افغانستان سے نکلنا چاہیں گے ان کی مدد کریں گے۔

امریکی صدر نے کہا کہ اندازہ نہیں تھا اشرف غنی افغانستان سے فرار ہوجائے گا، افغانستان سے انخلا کے فیصلے کی پوری ذمہ داری لیتا ہوں، افغانستان سے انخلا کا فیصلہ سول اور عسکری قیادت نے مشترکہ کیا تھا۔