فلمسٹار ریما خان لیجنڈ کامیڈین عمر شریف کی مدد کیلئے میدان میں آ گئیں

لاہور: مایہ ناز پاکستانی فلمسٹار و اداکارہ ریما خان لیجنڈ کامیڈین عمر شریف کی مدد کیلئے میدان میں آ گئیں ۔انہوں نے کہا کہ فخر ہے میرے شوہر نے عمر شریف کی امریکا منتقلی میں حائل رکاوٹیں دور کرنے میں مدد کی ۔

ماضی کی فلم اسٹار ریما خان نے انسٹاگرام پر عمر شریف کے نام ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’عمر شریف کا شمار برصغیر کے عظیم مزاح نگاروں میں ہوتا ہے، بلاشبہ وہ ہر دور کے ایک حقیقی لیجنڈ ہیں، ہمیشہ دوسروں کو ہنسانے اور مسکرانے کے لیے سخت محنت کرتے ہیں۔

اداکارہ ریما نے لکھا کہ آج یہ جان کر پریشان ہوں کہ وہ اپنی شدید بیماری کی وجہ سے درد اور تکلیف میں ہیں۔انہوں نے لکھا کہ مجھے اپنے شوہر پر فخر ہے جو عمر شریف کو علاج معالجے کیلئے امریکا لانے کے لیے کوشاں ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ ڈاکٹر سید طارق شہاب نے ہائی رسک طریقہ کار کو انجام دینے پر اتفاق کیا ہے اور امریکا منتقل کرنے کے انتظامات میں خاندان کی مدد کر رہے ہیں۔ریما خان نے کہا کہ میں نے ان سے درخواست کی ہے کہ عمر شریف صاحب کو اس بیماری سے صحت یاب ہونے میں ہر ممکن مدد کریں۔

انہوں نے اپنے شوہر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک سے دعا کرتی ہوں کہ وہ آپ کے ہاتھ میں شفا دے اور عمر صاحب کو مکمل صحت یاب کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں