پنجاب میں 10 روز بعد تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے

پنجاب میں 10 روز بعد تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے
لاہور :پنجاب میں 10 روز بعد تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے، بڑھتے کیسز کے باعث 6ستمبر کو تعلیمی ادارے بند کیے گئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب 10 روز بعد تدریسی سرگرمیاں بحال ہو گئیں اور تمام تعلیمی ادارے ایس اوپیز کے تحت کھل گئے، اسکول دوبارہ کھلنے پر بچوں، والدین اور اساتذہ نے خوشی کا اظہار کیا۔ اسکولوں میں طلبہ کوروناایس اوپیزکے تحت کلاسوں میں پہنچے، تمام متعلقہ حکام سے کہا گیا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے متعلقہ پابندیوں اور معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز) کے ساتھ ساتھ تمام تدریسی اور غیر تدریسی عملے اور طلباء کی 100 فیصد ویکسینیشن کو سختی سے یقینی بنائیں۔

واضح رہے کہ کوروناکیسز بڑھنے پر تعلیمی ادارے 6 سے 11 ستمبر تک بند کئے گئے تھے لیکن بعد ازاں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے اداروں کی بندش میں 15 ستمبر تک توسیع کر دی تھی اور چھٹیوں میں طلبہ کوکوروناویکسن لگوانےکی ہدایت کی گئی تھی۔