شاہین 18سال بعد آج ہوم گراؤنڈ پر کیویز کا شکار کریں گے

شاہین 18سال بعد آج ہوم گراؤنڈ پر کیویز کا شکار کریں گے
لاہور: پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بہار آگئی ، پاکستان کرکٹ ٹیم آج راولپنڈی میں نیوزی لینڈ سے پہلا ون ڈے میچ کھیلے گی۔ ڈے اینڈ نائٹ میچ دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق 18سال بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان میں ون ڈے میچ کھیلنے کے لیے تیار ہے ،دونوں ٹیموں نے میچ سے قبل تیاریاں مکمل کرلی ہیں ۔ دونوں ملکوں کے درمیان ون ڈے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی جبکہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث ایس او پیز کے تحت 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔کورونا کے باعث اسٹیڈیم کی گنجائش کے پچیس فیصد یعنی چار ہزار پانچ سو شائقین اسٹیڈیم میں میچ دیکھ سکیں گے۔



قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ایسا نہیں لگتا کہ رمیز راجہ انہیں یا ٹیم کو سپورٹ نہیں کررہے، نہ ہی انہیں محسوس ہوا کہ نئے چیئرمین کپتان بدلنا چاہتے ہیں۔بابر اعظم کا کہنا تھا کہ مصباح اور وقار یونس کے نہ ہونے سے ان پر کافی ذمے داری ہے، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو سامنے رکھتے ہوئے اسکواڈ میں تین اسپنرز شامل کیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے 2003میں آخری بار پاکستان کا دورہ کیا تھا اس وقت پاکستان ٹیم نے 5 ایک روزہ میچز کی سیریز میں کیوی ٹیم کو کلین سوئپ کیا تھا۔ اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 107ون ڈے انٹر نیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے 55میں پاکستان ٹیم اور 48میچز میں کیوی ٹیم فاتح رہی ، ایک میچ برابر اور تین میچز بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔