ایون فیلڈ ریفرنس ، نواز شریف سے8 ملین پاؤنڈ جرمانہ وصولی کیلئے کارروائی شروع

ایون فیلڈ ریفرنس ، نواز شریف سے8 ملین پاؤنڈ جرمانہ وصولی کیلئے کارروائی شروع
لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے ایون فیلڈ کیس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف سے 8 ملین پاؤنڈ جرمانے کی رقم کی وصولی کیلئے کارروائی شروع کردی۔نیب نے سابق وزیراعظم کی جائیدادیں فی الفورفروخت کرنے کا حکم دیدیا۔

نیب لاہور نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کیس میں نواز شریف سے 8 ملین پاونڈ کی برآمدگی کیلئے کارروائی کا آغاز کردیا۔ نیب نے عدالتی فیصلہ پر عملدرآمد کیلئے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز (ڈی سیز) کو سابق وزیر اعظم کی جائیدادیں فروخت کرنے کیلئے مراسلےارسال کر دیے۔

مراسلے میں کہا گیا کہ احتساب عدالت اسلام آباد نے نواز شریف کو 2018 میں 10 سال قید اور 8 ملین پاونڈ جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ سزا کے خلاف نواز شریف نے اپیل دائر کی لیکن اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپیل مسترد کی جبکہ سپریم کورٹ میں اپیل نہ کرنے کی وجہ سے نواز شریف کو دی گئی سزا حتمی تصور ہوگی۔

نیب کے مطابق نواز شریف نے جرمانے کی رقم تاحال جمع نہیں کرائی، اس لئے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے جائیدادیں فروخت کی جائیں اور جرمانے کی رقم وصول کی جائے۔