ٹیکس چورکے سم ، بجلی اور گیس کنکشن بند کر دیں گے : چیئرمین ایف بی آر

ٹیکس چورکے سم ، بجلی اور گیس کنکشن بند کر دیں گے : چیئرمین ایف بی آر

اسلام آباد: چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر اشفاق احمد نے کہا ہے کہ ٹیکس آمدن چھپانے والوں کو نوٹس دیں گے۔ ٹیکس چوری ثابت ہوئی تو اس کی سم بند کریں گے جبکہ بجلی اور گیس کے کنکشن بھی منقطع کریں گے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر کے ریمارکس پر حزب اختلاف کے ارکان نے احتجاج کیا۔ چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر اشفاق احمد نے کہا کہ محصولات میں اضافے کی تعریف ہونی چاہیے۔کمیٹی کے رکن نوید قمر نے کہا کہ ہمارے پوچھے گئے سوال کا جواب آنا ضروری ہے۔علی پرویز ملک نے کہا کہ چیئرمین ایف بی آر سابق وزیر خزانہ کے سوال پر مذاق کر رہے ہیں لیکن ایسا نہیں ہونا چاہیے سوال کا جواب دیا جانا ضروری ہے۔

چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ صدارتی آرڈیننس سے ٹیکس آمدن بڑھائیں گے اور میرا کام پالیسی بنانا نہیں بلکہ پالیسی پر عملدرآمد کرانا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس کم ہونے سے آمدن کم ہو جائے گی۔کمیٹی کی رکن عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ درآمدات بڑھنے سے کسٹم ڈیوٹی 47 فیصد بڑھی ہے لیکن ٹیکس آمدن بڑھنا خوش آئند نہیں بلکہ تشویش ناک ہے۔


چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ ڈیزل پر ٹیکس کی شرح کم ہے جس سے ٹیکس آمدن کم ہو گی اور پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس کم ہونے سے 150 ارب کی آمدن کم ہو جائے گی،۔ رواں مالی سال محصولات 6 ہزار ارب روپے تک ہوں گی۔ ڈاکٹر اشفاق احمد نے کہا کہ صدارتی آرڈیننس سے ٹیکس آمدن بڑھائیں گے اور ٹیکس آمدن چھپانے والوں کو نوٹس دیں گے۔ ٹیکس چوری ثابت ہوئی تو اس کی سم بند کریں گے جبکہ بجلی اور گیس کے کنکشن بھی منقطع کریں گے۔