پنجاب میں ڈینگی کے وار جاری ، مزید 94کیسز سامنے آگئے

پنجاب میں ڈینگی کے وار جاری ، مزید 94کیسز سامنے آگئے
لاہور: حکومتی نا اہلی کے باعث پنجاب میں ڈینگی تیزی سے پھیلنے لگا۔ صوبے میں ڈینگی کے مزید 94کیسز سامنے آگئے ۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق پنجاب میں گزشتہ روز مزید 94 کیسز رپورٹ ہوئے جس میں سے صرف لاہور میں 64 نئے کیس سامنے آئے ہیںجس کے بعد شہر میں ڈینگی کے کنفرم مریضوں کی تعداد 687 جبکہ پنجاب بھر میں رواں سال اب تک 828 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 58 مریض داخل ہیں۔ جبکہ لاہور میں ڈینگی کے 31 مریض زیر علاج ہیں ، لاہور کے فاطمہ میموریل اور میو ہسپتال میں 7 سات، سروسز ہسپتال میں 4 جبکہ گنگارام ہسپتال اور ڈاکٹرز ہسپتال میں ڈینگی کے 3 تین، جنرل ہسپتال میں 2 جبکہ چلڈرن ہسپتال، ایور کئیر، فاروق ہسپتال، گلاب دیوی اور لائف لائن ہسپتال میں ڈینگی کا 1 ایک مریض داخل ہے۔

محکمہ صحت کے پروگرام سی ڈی سی کے سربراہ ڈاکٹر شاہد مگسی کے مطابق ڈینگی کی روک تھام کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیئے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت کی ٹیموں نے لاہور میں 7ہزار 552ان ڈور, 3ہزار 832آؤٹ ڈور مقامات کوچیک کیا اور 94 مقامات سے لاروا تلف کیا گیا۔