لاہور میں مزارات کھول دیے گئے

لاہور میں مزارات کھول دیے گئے
لاہور : کورونا کیسز میں کمی آنے کے بعد صوبائی دارالحکومت لاہور میں مزارات کھول دیے گئے۔ 30 سال سے زائد عمر کے افراد درباروں پر حاضری دے سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں مزارات کو 30 سال سے زائدعمر کے زائرین کے لیے کھول دیا گیا ہے ۔ وزیر اوقاف سعیدالحسن نے داتا دربار آمد پر مزار کے دروازےخود کھول کر حاضری دی اور دعا کی ۔ اس موقع پر وزیر اوقاف کا کہنا تھا کہ داتاگنج بخش کا عرس مبارک قریب ہے زائرین کے لیے ضروری ہے کہ کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کریں ۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے کیسز میں نمایاں کمی کے بعد پنجاب میں اسمارٹ لاک ڈاؤن میں نرمی کردی گئی ہے، صوبے میں آج سے مارکیٹیں رات 10بجے تک کھل سکیں گی اور اب صرف اتوار کو مارکیٹیں بند رہیں گی۔ حکام کے مطابق پچاس فیصد ویکسی نیٹڈ افراد کے ساتھ رات بارہ بجے تک انڈور ڈائننگ کی اجازت ہوگی جبکہ آؤٹ ڈور ڈائننگ بھی رات 12 بجے تک جاری رہ سکے گی۔