نوازشریف کی جعلی ویکسین انٹری، 7افراد ذمہ دار قرار

نوازشریف کی جعلی ویکسین انٹری، 7افراد ذمہ دار قرار
لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف کی ویکسین کی فیک انٹری کی انکوائری کرنے والی کمیٹی نے 7 سات افراد کو ذمہ دار قرار دےدیاجبکہ ایم ایس کوٹ خواجہ سعید کو عہدے سے ہٹا دیاگیا۔

ایک نیوز کے مطابق کوٹ خواجہ سعید اسپتال میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے شناختی کارڈ پر کورونا کے اندراج کے معاملہ کی تحقیق کرنے کیلئےبننے والی انکوائری کمیٹی نے سات افراد ایم ایس ڈاکٹر احمد ندیم، ڈاکٹر منیر احمد، کلرک نوید، نرس صبا ریاض، وارڈ بوائے عادل رفیق، چوکیدار ابوالحسن اور ایم ایس کے پی اے رانا مظفر کو واقعہ کا ذمہ دار ٹھہرا کر کارروائی کی سفارش کردی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کی جانے والی انکوائری رپورٹ میں مزید کہا گیاکہ ویکسی نیشن سنٹر پر تعینات عملہ غیر تربیت یافتہ تھا، واقعہ میں سب سے زیادہ غفلت ایم ایس ڈاکٹر احمد ندیم کی تھی، ریکارڈ کی چیکنگ کے دوران بہت سے تضادات پائےگئے،مزید یہ بھی انکشاف کیاگیا کہ کوٹ خواجہ سعید اسپتال کے ویکسی نیشن سنٹر سے متعدد اندراج کو کینسل کیاگیا۔

محکمہ صحت نے محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے ایم ایس ڈاکٹر احمد ندیم، سینئرمیڈیکل آفیسر ڈاکٹرمنیراحمد کو غفلت اور نااہلی کے باعث معطل کرکے فوری رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی،اور میاں منشی ہسپتال کے ایڈیشنل پرنسپل میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد اعجاز بٹ کا کوٹ خواجہ سعید ہسپتال میں تبادلہ کردیا گیا۔ایم ایس کا اضافی چارج دیدیا گیا، جبکہ واقعہ کے مرکزی ملزم ابوالحسن اور عادل ایف آئی اے کی حراست میں ہے۔