لیجنڈ کامیڈین عمر شریف ایئر ایمبولنس پر علاج کیلئے امریکا روانہ

لیجنڈ کامیڈین عمر شریف ایئر ایمبولنس پر علاج کیلئے امریکا روانہ
کراچی : پاکستان کے لیجنڈ کامیڈین و اداکار عمر شریف کو علاج کے لیے ایئر ایمبولنس میں امریکا روانہ کر دیا گیا، ان کی اہلیہ زریں غزل بھی ایئر ایمبولنس میں ان کے ہمراہ گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایئر ایمبولینس طیارہ تین مختلف ملکوں میں اسٹاف اوور کرتے ہوئے امریکا پہنچے گا۔ عمر شریف کو آج صبح ایمبولینس میں کراچی کے نجی اسپتال سے کراچی ایئرپورٹ کے جناح ٹرمینل پہنچایا گیا، مریض کی اسپتال سے منتقلی کے لیے ایمبولینس کی میڈیکل ٹیم بھی ساتھ موجود تھی۔

عمر شریف کو علاج کے لیے امریکی دارالحکومت واشنگٹن پہنچایا جا رہا ہے، جہاں معروف پاکستانی اداکارہ ریما خان کے شوہر اور ماہر امراض قلب ڈاکٹر طارق شہاب نے ان کے علاج کے لیے جارج واشنگٹن یونیورسٹی اسپتال میں انتظامات کر رکھے ہیں۔

واضح رہے کہ اداکار عمر شریف عارضہ قلب اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں، وہ گزشتہ کئی ہفتوں تک کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج رہے، ان کے علاج کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے چار کروڑ روپے کی خطیر رقم جاری کی گئی۔

عمر شریف کی امریکا منتقلی اور اہل خانہ کے ویزوں کے لیے بھی ڈاکٹر طارق شہاب نے ہی تگ و دو کی تھی۔ عمر شریف کو لینے کے لیے ایئر ایمبولنس پیر کی دوپہر منیلا سے پاکستان پہنچی تھی۔ ایئر ایمبولنس کی پرواز ائی ایف اے 1264 نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ٹیک آف کیا۔