پاک چین دوستی عالمی برادری میں مثال بن چکی ہے، وزیر اعلیٰ

پاک چین دوستی عالمی برادری میں مثال بن چکی ہے، وزیر اعلیٰ
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی عالمی برادری میں مثال بن چکی ہے، چین پاکستان کا دنیا بھر میں قابل اعتماد دوست ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن پر خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین کے قومی دن پر چینی حکومت، قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی عالمی برادری میں مثال بن چکی ہے، پاک چین دوستی ناقابل تسخیر ہے، دونوں ممالک کے عوام بھی ایک دوسرے سے لگاؤ رکھتے ہیں، چین پاکستان کا دنیا بھر میں قابل اعتماد دوست ہے۔

عثمان بزدار نے کہا ہے کہ چین نے مختصر وقت میں غربت اور بے روزگاری پر قابو پا کر اقتصادی استحکام حاصل کیا، چین کی تیز رفتار معاشی ترقی پسماندہ اور غریب ممالک کے لئے رول ماڈل ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مزید کہا ہے کہ چین کی مستقبل بین قیادت نے اپنی قوم کو اقتصادی خود محتاری کی راہ پر گامزن کر دیا، پنجاب میں سی پیک کے منصوبے چین کی لازوال دوستی کا بے مثال نمونہ ہیں۔