کورونا کی نئی قسم ، سعودی عرب نے 7ممالک پر دوبارہ پابندی لگا دی

کورونا کی نئی قسم ، سعودی عرب نے 7ممالک پر دوبارہ پابندی لگا دی
ریاض: کورونا وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد سعودی عرب نے کئی ممالک کے لیے دوبارہ فضائی سفر پر پابندی عائد کردی ۔

عرب ذرائع ابلاغ نے سعودی وزارت داخلہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ جنوبی افریقہ سمیت 7 ممالک سے پروازیں معطل کی گئی ہیں جس کے بعد ان ممالک کے لیے نہ تو کوئی پرواز اڑان بھرے گی اور نہ ہی وہاں سے سعودی عرب میں اترنے کی مجاز ہو گی۔اعلان کردہ پابندیوں کی زد میں جو ممالک آئے ہیں ان میں جنوبی افریقہ، نمیبیا، زمبابوے، موزمیبق، بوتسوانا، اسواتنیا اور لیسوتو شامل ہیں۔ان ممالک سے صرف سعودی عرب کے شہریوں کو ملک میں آنے کی اجازت دی جائے گی لیکن ان پر بھی صحت کے حوالے سے مقرر کردہ ایس او پیز کا اطلاق ہو گا۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی نئی مزید خطرناک قسم سامنے آنے کے بعد بحرین، برطانیہ، اور جرمنی سمیت کئی مغربی ممالک نے پہلے افریقی ممالک پر سفری پابندیاں عائد کردی ہیں۔کورونا کی نئی مزید خطرناک قسم کے متعلق اب تک ملنے والے شواہد کے مطابق یہ جنوبی افریقہ سے پھیلا ہے جس کی وجہ سے افریقی ممالک سے سفری پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں۔