فون کال پر ٹیکس واپس لینے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج

فون کال پر ٹیکس واپس لینے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج
کراچی : فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سندھ ہائیکورٹ کے موبائل کال پر 5 منٹ کے بعد 75 پیسے لگائے جانیوالے ٹیکس کو ختم کرنے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ نے موبائل فون کال پر5 منٹ کے بعد 75 پیسے لگایا جانے والا ٹیکس واپس لینے کا حکم دیا تھا ، جسے ایف بی آر نے سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ایف بی آر کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ 5 منٹ کی کال کے بعد 75 پیسے فیڈرل ایکسائزڈیوٹی قانون کے مطابق ہے، فنانس ایکٹ 22-2021ء میں 5 منٹ کی کال کے بعد 75 پیسے ٹیکس لگانے کی منظوری دی گئی۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سندھ ہائی کورٹ کا 18 اکتوبر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے، 5منٹ کی کال کے بعد 75 پیسے ایف ای ڈی قانون کےمطابق ہے۔،درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ فنانس ایکٹ میں5 منٹ کی کال کےبعد75پیسےٹیکس کی منظوری دی گئی، سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ خلاف قانون اور حقائق کے منافی ہے، پارلیمنٹ سے منظور ہونیوالےبل کوہائیکورٹ غلط قرارنہیں دے سکتی۔

یاد رہے جون 2021 میں وفاقی حکومت نےپانچ منٹ سے زیادہ چلنے والی موبائل فون کالز پر ٹیکس عائد کیا تھا، جس کے بعد مختلف کمپنیوں کی درخواست پر سندھ ہائیکورٹ نے ٹیکس ختم کرنے کا حکم دیا تھا۔