بجلی 4 روپے 75 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی ہونے کا امکان

بجلی 4 روپے 75 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی ہونے کا امکان
اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی بجلی فی یونٹ 4 روپے 75 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ جس کے بعد بجلی کی قیمت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

نیپرا میں آج سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی سی اے) کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیئرمین نیپرا نے کہا کہ جتنی زیادہ لوڈشیڈنگ کریں گے اتنی بجلی مہنگی ہو گی اور ہمارے لیے یہ بہت ہی مشکل مرحلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ایل این جی کی طلب و رسد کا معاملہ حل کرانے کے لیے پیش رفت جاری ہے جبکہ فیول پرائس کی مد میں بجلی 4 روپے 74 پیسے مہنگی ہونے کا امکان ہے۔نیپرا نے سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا جبکہ نیپرا اتھارٹی اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ جاری کرے گی تاہم فیصلے کا اطلاق لائف لائن کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہو گا۔

اتھارٹی نے سوال اٹھایا کہ آئی پی پیز کو حالیہ دنوں میں کتنی ادائیگی ہوئی ہے ؟ جس پر سی پی پی اے حکام کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کو 134 ارب روپے کی ادائیگی کی گئی ہے۔چیئرمین نیپرا نے کہا کہ ہماری جو پچھلی غلطیاں تھیں اب تو ان کو بھگتنا ہو گا اور ہم سستی بجلی کے بجائے درآمدی فیول پر چلے گئے ہیں۔ ڈیمانڈ بڑھنے کی وجہ سے مہنگے پاور پلانٹس چلائے گئے۔وائس چیئرمین نیپرا نے کہا کہ مہنگے پاور پلانٹس چلنے کا سارا بوجھ گھریلو صارفین پر پڑا۔ نیپرا نے صنعتی پیکج کے تمام صارفین پر اثرات کا تجزیہ کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔