مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے اچھی خبر،بجلی کی قیمتوں میں کمی کی منظوری

مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے اچھی خبر،بجلی کی قیمتوں میں کمی کی منظوری
لاہور:مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے اچھی خبر آگئی ہے اورنیپرا نے بجلی 99 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دیدی ہے۔
منظوری مالی سال 2021 کی آخری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی ہے،نیپرا نے فیصلہ نوٹیفکیشن کیلئے وفاقی حکومت کو بھجوادیا ہے۔
فیصلے کے مطابق کمی کا صارفین کو 22 ارب 48 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا ،کمی کا اطلاق یکم دسمبر 2021 سے ہوگا جبکہ اس فیصلے سے صارفین کو 3 ماہ کیلئے ریلیف ملے گا۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز آئی ایم ایف کے دباؤ پر منی بجٹ کیلئے قومی اسمبلی کے اجلاس میں مالیاتی ضمنی بل ایوان میں پیش کیا گیا جس سے عام شہری مہنگائی کے سونامی میں سر تک ڈوب گیا، منی بجٹ میں سب کچھ مہنگا ہو گیا، درآمدی کپڑے، جوتے، پرفیومز،جوس، بچوں کا دودھ اور میک اپ کا سامان سب پہنچ سے باہر ہو گئے، عام آدمی کی سواری بھی جیب پر بھاری ہو گئی، سائیکلوں پر دی گئی ٹیکس چھوٹ ختم کر دی گئی ہے۔
درآمد ی مشینری اور پاور جنریشن پارٹس پر سترہ فیصد سیلز ٹیکس کی تجویز ہے۔ ایسے میں بجلی کی قیمت میں حالیہ کمی عوام کیلئے ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ثابت ہو گی۔