پاکستان میں کورونا کے مثبت کیسز میں اضافہ، 2074 نئے مریض سامنے آگئے

پاکستان میں کورونا کے مثبت کیسز میں اضافہ، 2074 نئے مریض سامنے آگئے
اسلام آباد:پاکستان میں کورونا مثبت کیسز اور اموات میں اچانک اضافہ ہو گیا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عالمی وبا کے باعث مزید 13 افراد انتقال کر گئے اور 2074نئے مریض بھی سامنے آئے۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 44120 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 2074 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے مزید 13 افراد انتقال کر گئے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 4.70 فیصد رہی۔
ملک میں آخری مرتبہ 4.70 فیصد سے زائد کورونا کیسز 19 ستمبر 2021 کو ریکارڈ کیے گئے تھے، اس روز کورونا کیسز کی شرح 4.78 فیصد اور اموات 40 ریکارڈ کی گئی تھیں۔
این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 28987 ہو چکی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ 9 ہزار 248 تک پہنچ چکی ہے۔
اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 446 افراد کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد ملک میں وبا سے شفایاب ہونے والے افراد کی تعداد 12 لاکھ 59 ہزار 699 ہو گئی ہے۔