بھارت میں درجنوں باراتی کنویں میں گر پڑے ، 13 ہلاک

بھارت میں درجنوں باراتی کنویں میں گر پڑے ، 13 ہلاک
نئی دہلی :بھارتی میڈیا کے مطابق یوپی کے ایک گاؤں میں کنویں کے سلیب پر بیٹھے باراتی سلیب ٹوٹنے سے کنویں میں جاگرے ، حادثے میں 13 افراد ہلاک ہو گئے۔
یہ افسوس ناک واقعہ بھارتی ریاست اترپردیش میں کوشی نگر کے ایک گاؤں میں پیش آیا، ہلاک ہونے والوں میں 7 خواتین اور 6 کم سن لڑکیاں شامل ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کوشی نگر میں بارات دلہن کے گھر پہنچی تو باراتی زیادہ ہونے کے باعث دلہن والوں نے درجنوں باراتیوں کو ایک کنویں کے اوپر رکھے حفاظتی سلیب پر بٹھا دیا تھا۔
بتایا جا رہا ہے کہ کنویں کے اوپر لگا سیمنٹ کا سلیب کمزور تھا جو درجنوں باراتیوں کا بوجھ برداشت نہ کرسکا اور ٹوٹ گیا۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ایس راج لنگام نے میڈیا کو بتایا کہ ہمیں حادثے کے بعد اطلاع ملی تھی کہ کنویں میں گرنے سے 11 افراد کی موت واقع ہو گئی ہے۔
راج لنگام نے کہا کہ فوری طور پر امدادی کاروائیاں شروع کی گئیں اور زخمیوں سمیت لاشوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، زخمیوں میں سے دو شدید زخمیوں نئے اسپتال میں دم توڑ دیا۔
سینئرپولیس آفیسر اکھیل کمار نے میڈیا کو بتایا کہ واقع گزشتہ رات 8.30 بجے پیش آیا، اس وقت شادی کی تقریبات جاری تھی۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کو فی کس 4 لاکھ کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔